ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مشکل میں امت شاہ، لوک سبھا انتخاب لڑنے پر منڈلایا خطرہ!

مشکل میں امت شاہ، لوک سبھا انتخاب لڑنے پر منڈلایا خطرہ!

Sat, 06 Apr 2019 21:34:44    S.O. News Service

نئی دہلی، 6؍اپریل (ایس او نیوز ؍ ایجنسی) کانگریس نے انتخابی کمیشن سے بی جے پی کے صدر امت شاہ کے لوک سبھا انتخاب کی امیدواری کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے امت شاہ پر اپنے انتخابی حلف نامہ میں جانکاری چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی کمیشن سے شکایت بھی کی ہے۔ امت شاہ گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ کانگریس نے انتخابی کمیشن سے امت شاہ کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی صدر نے اپنے حلف نامے میں 2 مقامات پر غلط جانکاری دی ہے۔

گاندھی نگر سے کانگریس کے امیدوار سی جے چاؤڑا نے انتخابی کمیشن سے کی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ امت شاہ نے اپنے انتخابی حلف نامے میں جانکاری چھپائی ہے۔ ایسے میں انھیں انتخاب لڑنے کے لیے نااہل قرار دینا چاہیے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ امت شاہ نے گاندھی نگر میں ایک پلاٹ کے بارے میں اور دوسرا اپنے بیٹے کے قرض کے بارے میں صحیح جانکاری نہیں دی ہے۔ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ ان کے گارنٹر بھی ہیں۔

سی جے چاؤڑا نے میڈیا رپورٹس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امت شاہ نے اپنی پراپرٹی کی قیمت صحیح نہیں بتائی ہے۔ امت شاہ نے اپنی پراپرٹی کی قیمت 25 لاکھ روپے بتائی جب کہ سرکاری ریٹ کے مطابق اس پراپرٹی کی قیمت 66.5 لاکھ ہے۔ چاؤڑا نے راجیہ سبھا انتخاب کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امت شاہ نے راجیہ سبھا انتخاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ انھوں نے اپنے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کے لیے اپنی ملکیت گروی رکھ کر 25 کروڑ روپے کا قرض لیا ہے، لیکن اس بار حلف نامے میں اس کا تذکرہ نہیں ہے۔

غور طلب ہے کہ 17-2016 میں راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی داخل کرتے ہوئے اپنی سالانہ آمدنی 4368450 روپے اور بیوی سونل شاہ کی آمدنی 10584450 روپے دکھائی تھی۔ جب کہ 18-2017 میں امت شاہ کی کمائی بڑھ کر 5390970 روپے ہو گئی، جب کہ ان کی بیوی کی کمائی 23082360 روپے بڑھ گئی۔

حلف نامے کے مطابق بی جے پی صدر امت شاہ نے شیئر بازار میں 17.59 کروڑ روپے سرمایہ لگایا ہے جب کہ ان کی بیوی سونل شاہ نے بھی 4.36 کروڑ روپے شیئر بازار میں لگائے ہیں۔ امت شاہ کے پاس 35 لاکھ روپے کے گہنے بھی ہیں۔ ان کے پاس 7 کیرٹ کا ڈائمنڈ اور 25 کلو چاندی ہے۔ ان کی بیوی سونل شاہ کے پاس 63 لاکھ روپے کے زیورات ہیں۔ گزشتہ سات سال میں امت شاہ کی ملکیت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی صدر امت شاہ پہلی بار لوک سبھا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہ گجرات کے گاندھی نگر سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ گجرات کی 26 سیٹوں پر 23 اپریل کو انتخاب ہونے ہیں۔ کانگریس نے امت شاہ کے خلاف اپنے رکن اسمبلی سی جے چاؤڑا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔


Share: